فوج ملکی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، قوم کی دعائیں ساتھ ہیں: شہباز شریف

 Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک افواج اس وقت پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے اور قوم کے ہربچے، بوڑھے، جوان اور ماؤں بہنوں کی دعائیں انکے ساتھ ہیں۔ وہ بیجنگ میں میڈیا اور چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ ریفارمز کمیشن کے اعلی سطح اجلاس میں خطاب کررہے تھے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ دہشت گردی اور انرجی کے بحران کے خاتمے کے بغیر ملک میں کسی ترقیاتی منصوبے سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جاسکتے تاہم دہشت گردی اور انتہاپسندی کے سدباب کیلئے طاقت کے استعمال کیساتھ ساتھ مربوط معاشرتی اور سماجی اقدامات کی ضرورت ہے۔ ہم پاکستان کے عام آدمی پر تعلیم، علاج معالجہ اور زندگی کی دوسری سہولتیں پہنچا کر ان قوتوں کے عزائم ناکام بنا سکتے ہیں جو نئی نسل کو اپنے مذموم مقاصدکیلئے انتہاپسندی کی طرف راغب کرتے ہیں۔

انتہا پسندی کی موجودہ صورتحال کو 80ء کی دہائی میں کئے جانے والے فیصلوں سے علیحدہ کرکے نہیں دیکھا جاسکتا۔بیشتر ازیں چینی حکام اور مختلف اداروں کے سربراہوں کے ساتھ ملاقاتوں میں محمد شہباز شریف نے کہا کہ چین کی ترقی پاکستان کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔ چین کی ترقی کی رفتار پر مغربی دنیا بھی ششدر نظر آتی ہے تاہم یہ چین سمیت تمام ترقی یافتہ قوموں کا فرض ہے کہ وہ دوسرے ممالک کو بھی اپنے تجربات اورکامیابیوں میں شریک کریں۔

توانائی کی قلت پاکستان کیلئے ایک قومی بحران کی حیثیت رکھتی ہے اور چین نے ایک بار پھر مشکل وقت میں ہمارا ہاتھ تھاما ہے۔ ہم دوست ممالک کی مدد سے انرجی کے بحران کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے میڈیا اور چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ ریفارمز کمیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک برس کے عرصے میں پاکستان کی معیشت میں ترقی کے واضح آثار سامنے آئے ہیں۔

ہمارے جی ڈی پی شرح میں اضافہ ہواہے، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھے ہیں اور انرجی کے بحران کے باوجودصنعتی پیداوار میں بہتری آئی ہے۔علاوہ ازیں شہباز شریف نے گزشتہ روز بیجنگ سے رمضان پیکیج پر سختی سے عملدر آمدیقینی بنانے اوررمضان بازاروں میں کیے جانیوالے انتظامات کے حوالے سے صوبائی وزراء اورصوبے کی انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میںرمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ، سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی وافر دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور اشیاء کی قیمتوں کے ساتھ کوالٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔صوبائی وزرائ، منتخب نمائندے، سیکرٹریز اور متعلقہ حکام باقاعدگی سے رمضان بازاروں کے دورے جاری رکھیں اورمیرے حالیہ دورہ چین کے دوران رمضان بازاروں میں انتظامات کا خود جائزہ لے کر رپورٹ ای میل کے ذریعے بھجوائی جائے۔ وہ رمضان پیکیج کی خود نگرانی کر رہے ہیںاور چین کے دورے کے دوران بھی رمضان بازاروںمیں عوام کی سہولت کے لئے کیے جانے والے انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے انتظامیہ پر واضح کیا کہعوام کو سستے داموں معیاری اشیاء کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ مقدس ماہ میں ناجائز منافع خوری کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ڈی سی اوز اپنے اپنے اضلاع میں سبزی منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی خود نگرانی جاری رکھیں۔صوبائی انتظامیہ اوپن مارکیٹ میں بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے انتہائی متحرک کردار ادا کرے۔

انہوںنے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو معیاری اور سستے داموں اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والے دین اور دنیا دونوں کما رہے ہیں۔رمضان بازاروں میں بہترین انتظامات پر متعلقہ ضلعی انتظامی افسران اور عملے کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔