لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما پرویز الہی نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کی حمایت میں ریلیوں سے حکومت کیوں پریشان ہے؟ خواجہ آصف دنیا کے واحد وزیر دفاع ہیں جو اپنی ہی فوج کے خلاف بیانات دے رہے ہیں ان کا نام گینز بک آف دی ورلڈ ریکارڈ میں آنا چاہئے۔
لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو میں چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ق کی کال پر پنجاب بھر میں ریلیوں میں عوام نے شرکت کر کے افواج پاکستان سے محبت کا اظہار کیا ہے۔
ریلیوں کے ذریعے ان عناصر سے نفرت کا اظہار کیا گیا ہے جو افواج پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈے میں مصروف ہیں۔پرویز الہی کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان سے محبت پر مبنی ریلیوں سے حکومت کیوں پریشان ہے۔
انھوں نے وزیر دفاع خواجہ آصف کو حرف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اپنی ہی افواج کے خلاف بیانات دینے پر خواجہ آصف کا نام گنیز بک میں آنا چاہئے۔
چودھری پرویز الہی نے کہا کہ تمام قوتیں اور عناصر سن لیں کہ افواج پاکستان ہماری سرحدوں کی محافظ ہے قوم ان کے خلاف ایک لفظ بھی برداشت نہیں کرے گی۔