اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ فوج کو موجودہ صورتحال میں مثبت کردار ادا کرنے کا کہا ہے۔
چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بیٹھے لوگ پورے پاکستان کا مسئلہ بنے ہوئے ہیں تاہم حکومت بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل صورت حال میں فوج کی خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں، سیلاب ہو یا زلزلہ فوج نے ہرمشکل حالات میں مقابلہ کیا جب کہ فوج سرحدوں کی نگرانی کے ساتھ اندرونی سیکیورٹی بھی دیکھتی ہے۔
وزیر داخلہ نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنوں کے باعث پیدا ہونے والی مشکل صورتحال کے حوالے سے کہنا تھا کہ فوج پاکستان کی ہے اور مشکل حالات میں اس سے مدد لی جاسکتی ہے اور اسی لئے موجودہ سیاسی بحران میں فوج کو مثبت کردار ادا کرنے کا کہا گیا ہے۔