کراچی: فوج نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے شمالی وزیرستان میں کامیابی و امن بحالی کے ذریعے ثابت کر دیا ہے کہ فوج کو بااختیار وخود مختار بنائے بغیر دہشتگردی سے نجات ممکن نہیں ہے کیونکہ فوج نہ صرف وطن عزیز کے تحفظ و استحکام کا ضامن محب وطن ادارہ ہے بلکہ دہشتگردی سے نجات کی پیشہ ورانہ صلاحیت کا حامل بھی ہے۔
آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کے ترجمان و سیکریٹری اطلاعات طاہر حسین سید نے فوج کی جانب سے ایک دن کی تنخواہ شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کو دینے کے اعلان پر آرمی چیف جنرل راحےل شریف و دیگر فوجی قیادت سمیت تمام افسران و سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج ملک و قوم کا وقار ہیں جنہوں نے ہمیشہ اور ہر مشکل گھڑی میں جانفشانی سے اپنا فریضہ ادا کرتے ہوئے بیش قیمت قربانیوں کے ذریعے وطن عزیز کو نہ صرف محفوظ و مستحکم بنایا بلکہ مشکل لمحات اور نا مساعد حالات سے بھی نکالا اور آج بھی نہ صرف دہشتگردی کیخلاف جنگ کو بڑی ذمہ داری اور جانفشانی سے لڑ رہی ہیں بلکہ متاثرین کی امداد و بحالی کا فریضہ انجام دینے میں بھی حکمرانوں ‘ سیاستدانوں اور جمہوری قوتوں سے کہیں آگے ہیں۔