لاہور (جیوڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں پاک فوج اور دفاعی ادارے آئی ایس آئی کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں ، ریلی کے شرکا نے مطالبہ کیا ہے کہ دشمن نواز پالیسیوں کے خلاف جنگ اور جیو نیوز کے لائسنس معطل کئے جائیں۔
ملتان میں وکلا نے پاک فوج اور آئی ایس آئی کے حق میں ریلی نکالی اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔ مقررین نے فوج کے خلاف دشمن نواز پالیسیوں کی سخت مذمت کی۔ کوہاٹ میں پاک فوج اور آئی ایس آئی کی حمایت میں ریلیاں نکالی گئیں۔
ریلی کے شرکاءنے جیو ٹی وی کے خلاف اور پاک فوج کی حمایت میں نعروں پر مشتمل بینرز اٹھا رکھے تھے۔ڈیرہ اسماعیل خان میں جماعۃ الدعوۃ اور دفاع پاکستان کونسل پاکستان نے ڈیرہ پریس کلب کے سامنے جنگ اور جیو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
ریلی کے شرکا نے پاک فوج اور آئی ایس آئی سے اظہار یکجہتی کیا۔آزاد کشمیر مظفر آباد میں پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں اور جلوس نکالے گئے۔
ریلی کے شرکا نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس کے حق میں نعرے لگائے۔مقررین نے مطالبہ کیا کہ پاک فوج اور اس کے دیگر اداروں پر تنقید کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔لاڑکانہ میں پاکستان آرمی اور آئی ایس آئی کی حمایت میں قاسمیہ جماعت کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔
مقررین نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا ہے جنگ اور جیو کے ڈکلیریشن معطل کئے جائیں۔