روم (جیوڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف تین روزہ دورے پر اٹلی پہنچ گئے ہیں جہاں وہ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی اٹلی کے وزیر خارجہ سے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اٹلی کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے اور دنیا میں استحکام کے لئے پاک فوج کے کردار کو تسلیم کرتے ہیں۔ خطے میں استحکام کے حوالے سے پاک فوج کا کردار قابل ستائش ہے۔ اطالوی وزیر خارجہ نے پاک فوج کو خطے میں قیام امن کے لئے عظیم اُمید قرار دیا۔
آرمی چیف نے ڈیفنس اینڈ سیکیورٹی انڈسٹریل گروپ کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے سے متعلق مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ جنرل راحیل شریف نے اٹلی کے ایئر ڈیفنس ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کیا۔ آرمی چیف کو ہتھیاروں کے نظام، ڈاکٹرائن اور تربیت پر بریفنگ دی گئی۔