تحریر: رانا اعجاز حسین ہرسال ماہ ستمبر کے آغاز سے ہی عوام پاکستان کے دل ودماغ، ارواح و اجسام پاک فوج کے بہادر جانباز شہیدوں سپاہیوں اور غازیوں کی یادوں کی روشنی اور خوشبو سے معطر ہوجاتے ہیں۔کہ چھ ستمبر کے روز پاکستان کا ازلی دشمن بھارت پاکستان کو ختم کرنے کے لیے چڑھ دوڑا تھا۔امتحان اور آزمائش کی ہر گھڑی اور موقع کی طرح اس موڑ پر بھی اللہ تعالیٰ کی خصوصی مدد اہل حق و اہل پاکستان کے ساتھ رہی ، اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتی پاکستان کی بہادر بری ، بحری اور فضائی افواج نے دشمن کے وار روکنے کے لئے اپنے سینے ڈھال بنا دیے۔ اس مو قع پر شہریان پاکستان کے رویے بھی بے مثل تھے، ادھر بھارتی حملہ ہوا ، ادھر تمام اختلافات ختم۔
اہل زر نے اپنا مال و دولت، اہل فن نے اپنا کسب و کمال، اہل قلم نے اپنے الفاظ و جذبات اور اہل دل نے اپنی وفائیں و دعائیں پاکستان کے لیے وقف کردیں۔ہر ہر پاکستانی ” میرا سب کچھ میرے وطن کا ہے” کی عملی تفسیر و تصویر بن گیا۔ہر محاذپر گھمسان کا رن پڑا ، پاکستان کے بہادر بیٹوں نے زمین ، فضاء اور سمندر میں ہر معرکہ اور ہر مورچے میں دشمن کے دانت کٹھے کردیے۔الحمد اللہ افواج پاکستان اور اہل پاکستان اور محبان پاکستان سرخرو و سرفراز ٹھہرے۔
آج ایک بارپھر پاکستان کو بھارت دشمن کی جارحیت کا سامنا ہے ، بھارت دشمن یاد رکھے کہ آج بھی افواج پاکستان اور عوام پاکستان میں دشمن کا بھر پور مقابلہ کرنے کا پہلے سے بھی کہیں زیادہ جذبہ بیدار ہے۔ ہر مشکل موڑ پر عوام پاکستان بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہے ، اور جنرل راحیل شریف جیسے بہادر سپاہ سالار کی قیادت پر فخر کرتی ہے۔ ہر ہر موقع پر پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے اپنی بہادری کی مثالیں رقم کی ہیں۔ ان دنوں بھی افواج پاکستان آپریشن ضربِ عضب کے ذریعے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے میں مصروف عمل ہے ۔اس آپریشن میں آرمی لڑاکا جیٹ طیارے، گن شپ ہیلی کاپٹر کوبرا اہداف کو نشانہ بنارہے ہیں۔
Pak Air Force
جبکہ اسکے ساتھ ساتھ پشاور سے ملحقہ علاقوں میں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر فضائی اور زمینی کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔ تقریباً چودہ ماہ سے جاری اس آپریشن میں سکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کیخلاف یقینا نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور سینکڑوں غیرملکیوں سمیت دہشت گرد تنظیموں کے متعدد اہم کمانڈرز اس آپریشن میں مارے گئے ہیں جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ’ ایمونیشن’ گاڑیوں اور دوسرے سامان حرب سمیت دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ ہوئے ہیں۔ دشمن ملکوں کے آلہ کار ان ملک دشمن عناصر نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ہمیشہ رخنہ ڈالا اور ملک خداداد کو پھلنے پھولنے کا موقع نہ دیا، اور ملک بھر میں دہشت پھیلانے کے لیے بے گناہ پاکستانیوں کے قتل عام کا سلسلہ جاری رکھا۔ جس پر بارہا یہ مطالبے سامنے آتا رہا کہ ان ملک دشمن عناصر کے خلاف ایک بہت مو ثر اور بڑے آپریشن کی ضرورت ہے۔
پاک فوج اس سے پہلے دہشت گردوں کے خلاف کئی آپریشن کرچکی ہے جن میں جن میںآپریشن راہ راست، آپریشن المیزان، راہِ حق اورآپریشن راہِ نجات قابل ذکر ہیں۔ ان تمام آپریشنز میںجہاں دہشت گردوں کا بھاری نقصان ہوا وہاں پاک فوج کے کئی افسران اور سول شہریوں نے جام شہادت نوش کیا۔ 15جون 2014ء کو اب تک کا سے بڑا آپریشن طالبان اور دیگر ملک دشمن گروپس کے خلاف لانچ کیا گیا۔ عسکری قیادتوں کی جانب سے بجاطور پرآپریشن ضرب عضب میں بے پناہ کامیابیوں کا دعویٰ اور آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا گیاہے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کئی بار خود اگلے مورچوں کا دورہ کیا
Raheel Sharif
جس سے مسلح افواج کے سپاہیوں کا عزم و حوصلہ مذید بلند ہوا ۔ اس آپریشن کے دوران ملک دشمن دہشت گردوں نے ردعمل کے طور پر نیول ڈاکیارڈ کراچی’ واہگہ بارڈر لاہور’ ملٹری پبلک سکول پشاور اور سانحہ صفورا کی شکل میں کراچی میں اسماعیلی برادری اور صوبائی وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کیخلاف سفاکانہ دہشت گردی کی واردات کی ہے۔ دہشت گردی کی ایسی ہر واردات کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی غیرمعمولی فعالیت اور ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت ترین کاروائی کے بیانات سے جہاں پوری قوم کا حوصلہ بلند ہوا وہیں پاک فوج کا مورال بھی بلند ہوا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کی اس جنگ میں مسلح افواج کی دلیری اور شجاعت قابل دید ہے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے متعدد بارملک کی سا لمیت کیخلاف دشمن ایجنسیوں کی سازشیں ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔بلاشبہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری پاکستانی قوم پاک فوج اور مسلح سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے جو ہمارے محفوظ کل کے لیے اپنا آج قربان کررہے ہیں، پاک فوج کی قربانیاں رنگ لارہی ہیں وہ دن دور نہیں جب ملک بھر سے امن کا سورج طلوع ہوگا۔ پوری قوم کو پاک فوج کی بہادر قیادت پر فخر ہے ۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاک فوج کے ان سپاہیوں کو سربلند رکھے جو برف زاروں ، ریگزاروں ، اور آزاد کشمیر کے کہساروں پر اہل پاکستان کو ابدی دشمن کے شر سے محفوظ رکھنے کے لیے سینے سپر ہیں۔اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھنے کے لیے بنایا ہے ، انشاء اللہ پاکستان کے خلاف دشمن کی کوئی تدبیر کارگر نہ ہوسکے گی۔اللہ تعالیٰ ہماری اس پاک سرزمین کی دشمن کی مکاریوں اور عیاریوں سے ہمیشہ محفوظ رکھے۔ آمین
Rana Ijaz Hussain
تحریر: رانا اعجاز حسین ای میل:ra03009230033@gmail.com رابطہ نمبر:0300-9230033