میران شاہ (جیوڈیسک) پاک فوج نے میران شاہ کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے زمینی کارروائی تیز کر دی۔ بارودی سرنگیں اور خود کش جیکٹیں بنانے والی ایک اور فیکٹری پکڑی گئی، دہشت گردوں کے کمپاؤنڈ پر بھی قبضہ کر لیا۔
دہشت گردوں سے پاک سر زمین کو پاک کرانے کیلئے جاری آپریشن ضرب عضب میں تیزی آ گئی اور کامیابیاں تیزی سے پاک فوج کے قدم چوم رہی ہیں ۔میران شاہ میں ڈانڈے درپہ خیل میں دہشت گردوں کے کمپاؤنڈ پر پاک فوج کے دستوں نے قبضہ کر لیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق کمپاؤنڈ میں بارودی سرنگیں اور خودکش جیکٹیں تیار کی جاتی تھیں جبکہ پاکستان بھر میں دھماکے کرنے والے دہشت گردوں کی تربیت کا مرکز بھی قائم کیا گیا تھا۔ ملک کے بہادر سپوتوں نے کارروائی کر کے دھماکا خیز مواد، گولیاں، ڈیٹونیٹرز اور بم کی تیاری میں استعمال ہونے والے آلات برآمد کر کے ناکارہ بنا دیئے۔
آپریشن کے ساتھ ساتھ پاک فوج نے آئی ڈی پیز کی دیکھ بھال میں بھی کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی۔ ترجمان کے مطابق بنوں میں رجسٹرڈ تمام 37 ہزار پانچ سو ستاون خاندانوں کو راشن فراہم کیا گیا۔