کراچی (اسٹاف رپورٹر) آپریشن ضرب عضب کے ذریعے افواج پاکستان نے وطن و عوام کو دہشتگردی سے پاک کرکے پر امن و محفوظ بنانے کے جس عمل کا آغاز کیا آرمی چیف راحیل شریف نے اسے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے اس آپریشن کے آخری مرحلے پر عملدرآمد کے آغاز اور دہشتگردوں کی باقیات سمیت ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کی بھی ہدایات جاری کردی ہیں جو پاکستان اور آئندہ نسلوں کے مستقبل کے تحفظ کی جانب مثبت ‘ موثر ‘قابل تحسین وتقلید ہی نہیں بلکہ فوج کے ساتھ ہر ممکن تعاون و اظہار یکجہتی کا متقاضی بھی ہے۔
نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن کے چیف عمران چنگیز ی نے جنرل سیکریٹری امیر علی خواجہ اور ایم آر پی سربراہ امیر پٹی کے ہمراہ میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے خاتمے اور دہشتگردی سے مکمل نجات تک فوج کو اسی سربراہی کی ضرورت ہے جو جنرل راحیل شریف کی صورت موجودہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے این جی پی ایف و عوام کے راحیل شریف کے ضرب عضب کے خاتمے تک سربراہ عساکر کی ذمہ داریاں جاری رکھنے مطالبہ کی حمایت یقینا قوم کیلئے خوش آئند اور اس بات کا ثبوت ہے راحیل کی مدت ملازمت میں توسیع صرف عوامی مطالبہ ہی نہیں بلکہ سیاسی ‘ عسکری اور قومی ضرورت کے ساتھ ملک و قوم اور آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت بھی ہے۔