کراچی (اسٹاف رپورٹر) پشاور ایئر بیس پر دہشتگردانہ حملے کے شہدا کیلئے دعائے مغفرت اور حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین پرویز مشرف نے کہا کہ افواج پاکستان‘ وطن عزیز سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم وتہیہ کرچکی ہیں اور دہشتگرداپنی بزدلانہ کاروائیوں کے ذریعے فوج کے عزم و حوصلے کو کسی طور شکست نہیں دے سکتے۔
اے پی ایم ایل انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید کے مطابق پرویز مشرف نے کہا کہ پشاور ایئر بیس پر دہشتگردانہ حملے کا مقصد فوج کے عزم و حوصلے کو تسخیر کرنا ہے مگرنہ تو کوئی افواج پاکستان کے حوصلوں کو تسخیر کرسکتا ہے اور نہ ہی پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچاسکتا ہے کیونکہ فوج نہ صرف جذبہ ایمانی و جذبہ شہادت سے سرشار ہے اور محبت پاکستان وحب الوطنی سے مالامال ہے۔
بلکہ پاکستان کی تحفظ و سلامتی کیلئے ہر طرح کی قربانیاں دینے کیلئے ہمہ وقت تیار بھی ہے اور تاریخ اس کی بیمثال و لازوال قربانیوں کی گواہ رہی ہے اسلئے ہر دہشتگردانہ حملہ اس کے حوصلوں کو مزید مہمیز دیتا ہے جبکہ پشاور ایئر بیس پر حملے وکیپٹن اسفندیار جیسے فوجی جوانوں کی شہادت نے دہشتگردوں کو منطقی انجام اور آپریشن ضرب عضب کو کامیابی سے نزدیک کردیا ہے۔