کراچی (اسٹاف رپورٹر) افواج پاکستان اور عسکری سائنسدانوں اور تمام متعلقہ و منسلکہ ماہرین کو 15 سو کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے اور ہر قسم کے ایٹمی و روایتی وارہیڈ کو لیجانے کی صلاحیت کے حامل بیلسٹک میزائل شاہین ٹو کے کامیاب تجربے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر علی پٹی والا نے کہا کہ پاکستان آج جن خطرات سے دوچار ہے اس میں جہاں یکجہتی ‘ اتحاد اور اخوت کی انتہائی ضرورت ہے وہیں افواج پاکستان کو جدید ترین دفاعی وسائل سے آراستہ کرنا بھی ناگزیر ہے۔
اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ ہماری افواج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے مگر آج کے دور میں جنگ اور دفاع کے انداز بدل چکے ہیں اسلئے جدید ترین دفاعی تیکنیک کا حصول لازم ہوچکا ہے اور افواج پاکستان کی جانب سے اس جانب پیش قدمی و پیشرفت پاکستان کے دفاع کیلئے خوش آئند ہے۔ امیر علی پٹی والا نے مزید کہا کہ محب وطن روشن پاکستان پارٹی کا منشور جہاں ڈویژنل کونسلوں کو بااختیار و خودمختار بناکر ملک کے ہر خطے کے عوام کو ترقی و خوشحالی کے یکساں مواقع اور گھر کی دہلیز پر تمام سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ انصاف و مساوات اور امن و محبت کے فروغ کی ضمانت دیتا ہے۔
وہیں افواج پاکستان کی جدید خطوط پر تربیت اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ جدید ترین ٹیکنالوجی و وسائل کی افواج پاکستان کو فراہمی کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے فوج کو بھی ایک با اختیار و خود مختار دفاعی ادارہ بنانے کا ایسا فارمولہ بھی وضع کرتا ہے جس سے جمہوریت کو آمریت کا کوئی خطرہ نہ رہے جبکہ خارجہ پالیسی جمہوری حکمرانوں کی منشاءکے عین مطابق ہو اور دفاع معاملات کیلئے فوج مکمل طور پر خود مختار و بااختیار ہو اسلئے محب وطن روشن پاکستان کے منشور پر عملدرآمد کیلئے تمام محب وطن اور جمہوری قوتوں کو یکجا و متحد ہوکر ہمارا ساتھ دینا چاہئے۔