فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، اسے سیاست میں مت گھسیٹیں: ترجمان پاک فوج

Major General Babar Iftikhar

Major General Babar Iftikhar

راولپنڈی (اصل میڈیا ڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ فوج کو سیاست میں مت گھسیٹیں اس کا کسی قسم کی سیاست کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔

ایک بیان میں میجر جنرل بابر افتخار نےکہا کہ سب کو معلوم ہےکورونا سے پوری دنیا متاثر ہوئی، پاکستانی قوم نے کورونا کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور ہیلتھ کیئر ورکرز نے کورونا سے مقابلے میں قوم کی بھرپور مدد کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چین کی فوج نے افواج پاکستان کو ویکسین کا عطیہ دیا اور پاک فوج نے چینی فوج کی عطیہ کردہ ویکسین ہیلتھ ورکرز کو دے دی۔

بھارت سے متعلق میجر جنرل بابر افتخارکا کہنا تھا کہ بھارت دنیا میں بہت حد تک بے نقاب ہو چکا ہے اس حوالے سے پچھلی پریس کانفرنس میں بہت سے شواہد سامنے رکھے۔

کے ٹو پر لاپتا کوہ پیماؤں کے حوالے سے فوجی ترجمان نے بتایاکہ علی سدپارہ قوم کے ہیرو ہیں، کوہ پیماؤں کےسرچ آپریشن میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوج کو سیاست میں مت گھسیٹیں، ہمارے کسی قسم کے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہورہے اور کسی قسم کی سیاست کے ساتھ ہمارا تعلق نہیں ہے، قیاس آرائیاں کرنے والوں سے پھرکہوں گا کہ فوج کو سیاست میں مت گھسیٹیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس داخلی وخارجی سلامتی کا بڑا فریضہ ہے جسے بہ خوبی ادا کررہے ہیں، بغیر شواہد اور تحقیق اس بارے میں بات کرنا کسی کو بھی سوٹ نہیں کرتا لہٰذا اس قسم کی قیاس آرائیوں کو بند ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس بارے میں کمنٹس کرنے والوں کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنے لے آئیں، دکھا دیں کون کس کو کال کررہا ہے، کس سے بات کررہا ہے، اس طرح کی کوئی چیز نہیں ہو رہی ہے۔