کراچی (جیوڈیسک) پاک فوج پر بعض عناصر کی تنقید سے افسر اور جوان ناخوش ہیں۔ اس بات کا اظہار پیر کو افواج پاکستان کے ترجمان کے ایک بیان سے ہوا، جس کے مطابق فوجی افسروں کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیے جانے پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاک فوج تمام اداروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اپنے وقار کا بھی ہر حال میں تحفظ کرے گی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے آج سامنے آیا ایک غیر معمولی بیان، آرمی چیف غازی بیس تربیلا میں اسپیشل سروسز گروپ کے ہیڈکوارٹر کے دورے پر تھے۔ پاک فوج کے ترجمان نے دورے میں آرمی چیف کی بات چیت کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ : حالیہ دنوں میں پاک فوج پر بعض عناصر کی غیر ضروری تنقید پر افسران اور جوانوں نے تحفظات کا اظہار کیا جس پر آرمی چیف نے کہا کہ ملک اندرونی اور بیرونی مشکلات سے دوچار ہے، پاک فوج تمام اداروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اپنے وقار کا بھی ہر حال میں تحفظ کرے گی۔
فوج پر تنقید پر افسران اور جوانوں کا تحفظات کا اظہار اور آرمی چیف کا یہ کہنا کہ فوج ہر حال میں اپنے وقار کا تحفظ کرے گی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق دونوں باتیں حالیہ دنوں کی ایک پیش رفت کی جانب اشارہ کرتی ہیں۔
پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں ایس ایس جی کی کامیابیوں کو سراہا۔آرمی چیف نے کہا کہ ایس ایس جی کو انتہائی حساس، پیچیدہ ا ور دشوار صورتحال میں کام کرنا پڑتا ہے اس کے باوجود ان کی کارکردگی ہمیشہ قابل تحسین رہی ہے۔