لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کے ناظم اسامہ نصیر نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول کے شہید طلبہ نے اپنی جان کی قربا نی دے کر قوم کو متحد کیا، ملک میں جاری خانہ جنگی کے خلاف پوری قوم ایک پلیٹ فارم پر جمع ہے اور یہ سب یقینا ان شہید طلبہ کی قربانیوں کے مرہون منت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پنجاب کے زیر اہتمام مشعل برداری ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ 1971ء میں مشرقی پاکستان کو اپنوں کی نادانیوں اور دشمن کی سازشوں نے ہم سے جدا کیا ، ہمارا دشمن آج بھی ہمارے درمیان مختلف صورتوں میں موجود ہے جو ہماری جڑیں کاٹنے میں مصروف ہے۔ ادھر ہم ، اُدھر تم کے نظرئیے نے 71ء میں قوم کو تقسیم کیا تھا۔
مگر نظریہ پاکستان کے محافظ آج بھی بنگلہ دیش کے اندر سولی پر لٹکائے جارہے ہیں، مودی نے اس بات کا برملا اعتراف کیا کہ مشرقی پاکستان کے علیحدگی میں بھارت ملوث رہا ہے مگر اقوام عالم اور حکومت پاکستان کی خاموشی ایک سوالیہ نشان ہے۔
اسامہ نصیر کا مزید کہنا تھا کہ جمعیت نے ہر دور میں قوم کو متحد رکھنے کے لئے جد وجہد کی ، ہر دور میں جمعیت نے قربانیاں دی ہیں ۔ جو آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پنجاب کی جانب سے اے پی ایس کے شہدا اور سانحہ مشرقی پاکستان کے شہدا کی اعزاز میں مشعل بردار ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی اور شہدا کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عہد کیا۔