فوج کی حمایت میں مزید ریلیاں،مظاہرے، جیو و جنگ پر پابندی کا مطالبہ

Rally

Rally

مظفر آباد (جیوڈیسک) پاک فوج اورآئی ایس آئی کی حمایت میں مختلف شہروں میں گزشتہ روزبھی ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے ہوئے۔ مقررین نے کہا کہ جیو نیوز بیرونی ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔ عوام اور فوج کے درمیان ٹکراؤ اور فوج کو بدنام کرنا بھارت اور اسرائیل کا مشترکہ ایجنڈا ہے۔ فوج کیخلاف سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔ حکومت جیو نیوز کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کر کے اس کا لائسنس منسوخ کرے۔ فیصل آباد میں جماعۃ الدعوۃ نے ضلع کونسل چوک میں مظاہرہ کیا۔

منچن آباد میں طلبانے عیدگاہ چوک سے ریلی نکالی جو پریس کلب پر آ کر ختم ہوئی۔ رحیم یار خان میں ن لیگ یوتھ ونگ کی ریلی میں مطالبہ کیا گیا کہ افواج پاکستان کے خلاف الزامات لگانے والوں اور پروپیگنڈا کرنے والوں کا کڑا احتساب کرکے سخت ترین سزا دی جائے۔ شہر میں بڑی تعداد میں فوج کی حمایت میں بینرز آویزاں کر دیے گئے جن پر جیو نیوز اور جنگ گروپ پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

جوہر آباد میں بھی ریلی نکالی گئی۔ ڈسٹرکٹ بار وہاڑی نے فوج کے حق میں مکمل ہڑتال کی۔ کوئی وکیل کسی عدالت میں پیش نہ ہوا۔ ڈیرہ غازیخان میں نیشنل کمیشن فار انٹرفیتھ ہومن رائٹس اور ملتان میں جنوبی پنجاب شیڈو گورنمنٹ کے زیر اہتمام اقبال پارک نواں شہر تک مشعل بردار ریلی نکالی گئی۔