آرمی سکول کے زخمی طالب علم کو برطانیہ کا ویزہ مل گیا

Ahmad Nawaz

Ahmad Nawaz

پشاور (جیوڈیسک) لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں درد اور تکلیف سے کراہتے آرمی پبلک سکول کے زخمی طالبعلم کے حوالے سے رپورٹ چلی جس پر وفاقی حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے انہیں بیرون ملک علاج کیلئے بھیجنے کا اعلان کیا

وزیر اعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے برطانیہ کے ویزے لگے پاسپورٹ پشاور میں احمد نواز کے والد محمد نواز کے حوالے کر دیئے۔ احمد نواز کا برطانیہ کے کوئن الزبتھ ہسپتال میں علاج کیا جائے گا جہاں وفاقی حکومت کی جانب سے پہلے ہی ساڑھے تین کروڑ روپے سے زائد رقم جمع کرائی جا چکی ہے۔

برطانیہ کا ویزہ احمد نواز ان کے والد محمد نواز، والدہ اور چھوٹے بھائی کو جاری کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ زخمی طالبعلم کو تمام طبی سہولیات دی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر احمد نواز کا علاج طویل ثابت ہوا تو ان کے ویزے میں بھی توسیع کر دی جائے گی۔ ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور کی تحقیقات جاری ہیں اور جلد ہی اس حوالے سے کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔