کراچی (جیوڈیسک) جماعت اسلامی پاکستان کے تحت 21 تا 23 نومبر مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے کے لیے تشہیری مہم اور میڈیا کوریج سے متعلق اجلاس ادارہ نور حق میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر اسامہ رضی نے کی جس میں اس حوالے سے کی گئی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات محمد اقبال چوہدری، عطا محمد تبسم، امین صادق اور دیگر نے شرکت کی۔
اسامہ رضی نے کہا کہ اجتماع عام میں میڈیا سے وابستہ افراد کو خصوصی دعوت دی جائے گی، کراچی سے ہزاروں مرد اور خواتین کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر تیاریاں اور انتظامات کیے جائیں گے، یہ اجتماع ایک تاریخی اجتماع ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت ہی حقیقی انقلاب لانے کی صلاحیت رکھتی ہے، جماعت اسلامی انقلاب کو ہائی جیک نہیں ہونے دے گی ملک میں انقلاب اور تبدیلی کی حقیقی اور توانا آواز جماعت اسلامی ہی کی ہے۔