گرفتاری کا خدشہ: آصف زرداری نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست جمع کرا دی

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر اسلام آباد ہائیکورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کر دی۔

قومی احتساب بیورو نے آصف زرداری کو کل ہریش کمپنی کیس میں طلب کیا ہے تاہم اس سے قبل انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

سابق صدر کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے کل ہریش کمپنی کیس میں طلب کیا ہے اور گرفتاری کا خدشہ ہے۔

آصف زرداری نے عدالت سے استدعا کی کہ نیب کو گرفتاری سے روکا جائے اور ضمانت منظور کی جائے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 29 اپریل کو آصف زرداری کی درخواست پر ان کے خلاف نیب میں زیر تفتیش تمام کیسز کی تفصیلات طلب کی تھیں جس پر نیب کی جانب سے 14 مئی کو ایک رپورٹ پیش کی گئی۔

نیب نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر جعلی بینک اکاؤنٹس کی انکوائریز کی ہیں اور مجموعی طور پر 26 انکوائریز اور انویسٹی گیشنز جاری ہیں جن میں 5 انکوائریز اور 3 انویسٹی گیشنز میں آصف زرداری کا کردار سامنے آیا ہے۔