اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہےکہ ان کی گرفتاری کے پیچھے 100 فیصد عمران خان کے مقاصد ہیں۔
احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ مجھے چارج شیٹ دی گئی کہ میرے اثاثے بڑھ گئے لیکن ابھی تک نیب نے کوئی تفتیش نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ دو ڈھائی سال سے پارٹی توڑنے کی کوشش ہو رہی ہے اور نوازشریف کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ آپ سے کس نے کہا تھا کہ نوازشریف کو چھوڑدیں تو کیس ختم کردیے جائیں گے اس پر لیگی رہنما نے کہا کہ جب سے نواز شریف نااہل ہوئے ہم سب کویہی کہاجارہاہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میری گرفتاری کے پیچھے 100 فیصد عمران خان کے مقاصد ہیں لیکن کوئی بات نہیں اوپر والا دیکھ رہا ہے، اب بہت کیس چلیں گے ، نیب کا قانون اب ایسا ہی رہے گا، میری گرفتاری کے پیچھے جس کا ہاتھ ہے بتا دیا ہے۔
واضح رہے کہ نیب نے گزشتہ شب خواجہ آصف کو اسلام آباد میں احسن اقبال کے گھر سے گرفتار کیا ان پر آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام ہے۔