اسلام آباد (جیوڈیسک) جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ و سابق چیف افتخار محمد چودھری نے ایک بار پھر کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف ضد چھوڑ دیں، وزارت عظمیٰ کے عہدے سے فوری طور پر مستعفی ہو جائیں۔
رپورٹ کے مطابق سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے اکادمی ادبیاب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا ہے کہ حکومت اور جمہوریت کو نوازشریف سے مشروط نہیں کرنا چاہئے۔
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بعد انکی جگہ دوسرا وزیراعظم آسکتا ہے تو نوازشریف کی جگہ بھی آسکتا ہے، نواز شریف ضد پر اڑے رہے تو آئندہ حالات اچھے نہیں ہوں گے، صورتحال مزید گھمبیر ہو جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ ارسلان افتخار اور پانامہ لیکس کے معاملے میں زمین اور آسمان کا فرق ہے۔ ارسلان افتخار سکینڈل کے وقت مجھ سے استعفیٰ مانگا جاتا تو ضرور استعفیٰ دیدیتا۔ انہوں نے کہا کہ بلٹ پروف گاڑی قانون کے تحت ملی ہے، حکومت نے کوئی احسان نہیں کیا۔