آرٹیکل 6 آئین کا دفاع کرسکا نہ ہی پارلیمان کا:چیئرمین سینیٹ

RAZA RABBANI

RAZA RABBANI

اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ کے چیئرمین میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ آرٹیکل 6 آئین کادفاع کرسکا نہ ہی پارلیمان کا، ریاست نے خود کوزندہ رکھنا ہے توپارلیمنٹ کی بالادستی تسلیم کرناہوگی۔

چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کا اسلام آباد میں فافن کی ایک تقریب سے خطاب میںکہنا تھا کہ ملک میں قانون کی برابری نہیں، اٹھارہویں ترمیم میں آرٹیکل 6کا دائرہ کار بھی بڑھایا گیا،لیکن یہ آرٹیکل آئین اور پارلیمان کا دفاع کرنے میں ناکام رہا، جس کے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ ہو وہ عدالت جانے سے انکار کرتا ہے، پارلیمان کو آج بھی اپنی بقاکی جنگ لڑنی پڑرہی ہے، ایک مائنڈ سیٹ تمام پالیسیاں اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہتا ہے۔

رضا ربانی نے کہا کہ ملک میں جاری انتہاپسندی اور دہشت گردی کی ایک وجہ طلبہ یونین پر پابندی بھی ہے، تعلیمی اداروں میں ترقی پسندخیالات پر پابندیاں لگائی گئیں، جبکہ دوسری طرف دہشت گرد مائنڈ سیٹ یونیورسٹیز میں اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ٹریڈیونینز کا خاتمہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا گیا، اسی لیے ریاست کے اندرموجود ریاست کی گرفت مضبوط ہوتی گئی۔