گڑھی خدا بخش (جیوڈیسک) ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے مزارات پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ربانی کا کہنا تھا کہ جس شخص پر آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج تھا وہ بینظیر بھٹو کے قتل میں بھی ملوث تھا مگر اسے ملک سے باہر جانے دیا جائے تو اس سے زیادہ سنگین مذاق کیا ہو سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قانون کے اندر اگر کسی سیکشن اور آرٹیکل کا مقصد نہ رہے تو اسے نکال کر آئین کا بوجھ کم کر دینا چاہئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئین کے آرٹیکل چار کے تحت قانون سب کے لئے برابر ہے تو عدالتیں اس سے ہٹ کر فیصلے کیسے کر رہی ہیں، آج کے دن سپریم کورٹ کو آرٹیکل چار یاد کروانا چاہتا ہوں جو برابری کی بات کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کاش لاہور ہائی کورٹ آرٹیکل چار کو اس وقت یاد کرتا تو شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل نہ ہوتا۔