کراچی (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے باعث اسلام آباد شہر کو فوج کے حوالے کرنے سے ثابت ہو گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت تحریک انصاف کی جمہوری جدوجہد سے خوفزدہ ہے۔
آرٹیکل 245 کا نفاذ دراصل سول ایمرجنسی ہے، میاں برادران پاکستان میں جمہوریت کو پروان چڑھتا دیکھنا نہیں چاہتے۔ وہ تحریک انصاف کے رہنما راجہ اظہر خان کی رہائش گاہ پر خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر خرم شیر زمان، فیصل واوڈا، سبحان علی ساحل، دوا خان صابر، سرور راجپوت، اسرار عباسی، ملک عارف اعوان، ریاض حیدر، راجہ آصف ، کامران منہاس، فہیم خان، اویس گجر، سرمد بلال، رضوان خان اور دیگر رہنما اور صحافی حضرات بھی موجود تھے۔