آرٹیکل 6، ایک آدمی اس لیے چنا گیا کہ سانپ بھی مر جائے اور لاٹھی بھی نہ ٹوٹے، خورشید شاہ

Khurshid Shah

Khurshid Shah

حیدر آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پرویز مشرف پر 12 اکتوبر 1999 کے اقدام پر آرٹیکل 6 لگتا تو 40 سے 50 لوگ آجاتے، کسی کو ہارٹ اٹیک نہ ہوتا، الطاف حسین کبھی کبھی معاملات کوٹرن دینے کیلیے ایشوز اٹھا دیتے ہیں۔

وہ سندھ دھرتی کو اپنی ماں کہتے ہیں، رحمن ملک اپنی اہمیت بنانے کیلیے ایم کیوایم کی بات کرتے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو کی والدہ کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی اچانک طبیعت خراب ہو جانا 2،3 مرتبہ عدالت میں نہیں جانا، کبھی چاول کی توکبھی دال کی تھیلی سے بم نکلنا اور راستے میں ہارٹ اٹیک ہونا اور سیدھا محفوظ مقام ملٹری اسپتال میں چلے جانا، اللہ پرویز مشرف کو زندگی دے، ڈکٹیٹر جب بھی آتے ہیں جبر اور طاقت کے بل پرآتے ہیں پھرپتہ چلتا ہے کہ وہ کیسے مجبور ہوتے ہیں اور کیسے ڈر جاتے ہیں، میں نے 12 اکتوبر 1999 کی بات اس لیے کی ہے۔