سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مصنوعی جیولری کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے۔ پاکستان سکول آف فیشن ڈیزائن کی طالبات نے مختلف اقسام کے ہاتھ سے تیار کردہ جاذب نظرزیورات کی نمائش کا انعقاد کیا۔ پاکستان اسکول آف فیشن ڈیزائن میں منعقد ہونے والی نمائش میں طالبات کی جانب سے تیار کردہ مختلف اقسام کے دلکش زیورات رکھے گئے۔
جیولری ڈیزائنرزکا کہنا تھا کہ اس نمائش کا مقصد عوام میں سستی اور خوبصورت جیولری کا شعور اجاگر کرنا ہے۔ نمائش کو دیکھنے کے لئے آنے والے افراد بھی منفرد مصنوعی جیولری سے بہت متاثر ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مصنوعی جیولری کا رجحان بڑھنا چاہئے۔ حتی کہ شادی بیاہ میں بھی مصنوعی زیورات کے استعمال پر زور دینے کی ضرورت ہے۔ سونے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث دنیا بھر میں مصنوعی زیورات کا استعمال عام ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں بھی کم قیمت پر معیاری آرٹیفیشل جیولری کے استعمال کو فروغ دیا جائے۔