کراچی (جیوڈیسک) گلوکار راحت فتح علی خان نے کہا ہے کہ کلاسیکل موسیقی کبھی زوال پذیر نہیں ہوسکتی۔ آج بھی کلاسیکل موسیقی کے سمجھنے اور سننے والے لوگ موجود ہیں۔ کراچی کے عوام نے ہمیشہ مجھے اچھا رسپانس دیا ہے اور ان کے درمیان پرفارم کرنا اچھا لگتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی میں منعقدہ محفل موسیقی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ثقافتی سرگرمیاں ایک مرتبہ پھر زور پکڑرہی ہیں مجھے یہ دیکھ کرخوشی ہوتی ہے کہ کہیں فنکار ڈرامہ انڈسٹری کے لیے کوشاں ہیں تو کہیں فلم کے لیے تیزی سے کام جاری ہے اور موسیقار گلوکار میوزک کے لیے کام کررہے ہیں، ہمارے عوام فنکاروں سے پیار کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اپنے البم کا ہمیشہ اچھا رسپانس ملا ہے ’’بیک ٹولو‘‘ کے گانے جب لوگ فرمائش کرکے سنتے ہیں تو اچھا لگتا ہے، کراچی کے عوام کا میوزکل شوز میں اتنی بڑی تعداد میں شرکت خوش آئند ہے۔