کراچی (جیوڈیسک) سندھ سنسربورڈ سے مستعفی ہونیوالے اداکار، گلوکار کمپئیر فخر عالم نے کہا کہ ممتاز گلوکار ندیم جعفری کیساتھ گزشتہ روز اسٹریٹ کرائم کی جو وارادت ہوئی ہے اس کی میں مذمت کرتا ہوں ایسے واقعات کی روک تھام ہونی چاہیے اسی وجہ سے میں حکومت سے فنکاروں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا جسے مذاق بنا دیا گیا۔
سندھ اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر کے فنکاروں کے بارے میں توہین آمیز رویہ اور بیان کے بعد میں نے بطور احتجاج سندھ فلم سینسر بورڈ کے چئیرمین کی حیثیت سے استعفیٰ دیدیا جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کا استعفی منظور ہوگیا تو انھوں نے کہا میں نے استعفی دیدیا منظور ہوتا ہے یا نہیں میں نے گڈ بائی کہہ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر فنکار عدم تحفط کا شکار ہیں تو انھیں تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے ندیم جعفری کے ساتھ پیش آنے والے اس واقعہ کے بعد فنکار اپنے آپ کو غیر محفوظ سمجھنے لگا ہے اور یہی صورت حال رہی تو فنکار گھر بیٹھ جائیں گے، فنکاروں کو اب بہت سنجیدگی سے اپنے تحفظ اور اپنی حفاظت کے لیے کوئی لائحہ عمل بنانا ہوگا اس سلسلے میں جلد فنکاروں کے ساتھ مل کر کوئی اہم فیصلے کریں گے۔