آرٹس کونسل کی آڈٹ رپورٹ ممبران کو ارسال کی جائیں، شیخ راشد عالم

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کلچرل فورم کے کنونیئر شیخ راشد عالم نے کہا ہے کہ آرٹس کو نسل کے ممبران سے حاصل ہونے والی آمدنی کا باقاعدہ آڈٹ ہونا چاہیئے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ برسراقتدار گروپ2014ء کی آڈٹ رپورٹ آرٹس کونسل اراکین کی سالانہ فیس میںجمع ہونے والی کل رقم کا بینک اسٹیٹ منٹ کے ذریعے شواہد پیش کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی وی پروڈیوسرز کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق سیکریٹری انٹر بورڈ حیدر علی ،ڈاکٹر طارق شرافت اللہ،شاہدہ شعیب رضوی،خورشید زیدی،یاور مہدی ،ڈاکٹر روبینہ ہما،صابر حسین صابر،اجمل شوبی ودیگر بھی موجود تھے۔ شیخ راشد عالم نے کہاکہ برسراقتدار گروپ سے پہلے جن لوگوںنے آرٹس کونسل کی باگ دوڑ سنبھالی ان کی مالی حیثیت میںکوئی فرق نہیںآیا۔

آرٹس کونسل کے موجودہ عہدیداران اور گورننگ باڈی کے اراکین ہر معاملے میںبے بس اور لاچار نظر آتے ہیںجو نہ کچھ سنو،نہ دیکھ اور نہ کچھ کہو کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ شیخ راشد عالم نے شہر قائد اتحاد پینل کی جانب سے پرزورمطالبہ کیا کہ آرٹس کونسل کے عہدیداران اور گورننگ باڈی کے ممبران ادارے کی فنانشل آڈٹ رپورٹ سالانہ جنرل باڈی کے اجلاس سے دو ہفتہ قبل بذریعہ ڈاک پہنچانے کیلئے عملی اقدامات کرے بصورت دیگر شہرقائد اتحاد پینل کے عہدے داران اور اراکین پرزور احتجاج ریکارڈ کرانے کے علاوہ کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے گریز نہیں کرینگے۔