آرٹس کونسل الیکشن، شہر قائد اتحاد پینل نے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل کے الیکشن برائے 2015ء کیلئے شہر قائد اتحاد پینل نے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ۔خلیل احمد نینی تال والا صدر جبکہ نجم الدین شیخ سیکریٹری کے عہدے پر مقابلہ کرینگے۔ڈاکٹر ریحانہ محمد علی شاہ نائب صدر ،شیخ راشد عالم جوائنٹ سیکریٹری اور خازن کی سیٹ پر محمد امین یوسف امید وار ہونگے ۔گورننگ باڈی کے نامزد امیدواروں میں زیبا بختیار،سعود قاسمی ،روبینہ اشرف،شبیر جان ،قیصر خان نظامانی ،تاجدار عادل،امجد فرید صابری،رضوان صدیقی ،جاوید صباء ،عبد المجید ابدانی ،سیما غزل اور اویس ادیب انصاری شامل ہیں۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہر قائد اتحاد پینل کے سربراہ خلیل احمد نینی تال والا نے کہا کہ آرٹس کونسل کو صرف فنکاروں کی ضرورت ہے برسراقتدار گروپ الیکشن کی تیاریوں کیلئے ادارے کے وسائل استعمال کررہاہے ۔آرٹس کونسل کے تمام ممبران کیلئے ایک لاکھ روپے کی مفت انشورنس کراد ی ہے جس کیلئے ممبران اپنے کوالف ہمیں بھیج سکتے ہیں ۔مجھے فنکاروں کی ضرورتوں کا احساس ہے اور مجھے بھی فنکاروں نے چنا ہے ۔جوائنٹ سیکریٹری کے امیدوار شیخ راشد عالم نے کہا کہ میر ی ممبران سے گزارش ہے کہ الیکشن والے دن اول وقت میں آکر آئین میں من مانی ترامیم ختم کراد یں آرٹس کونسل کے آئین کو اسکی اصلی حالت میں بحال کرنا ہمارا ہدف ہے۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جنرنلسٹ کے سیکریٹری امین یوسف نے کہا کہ شاعروں ،فنکاروں ،ادیبوں کیلئے ممبران ہی تبدیلی لاسکتے ہیں ہماری کامیابی میں ادارے کی کامیابی ہے ۔سیکریٹری کے امیدوار نجم الدین شیخ نے حاضرین سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کیلئے پانچ سال سے جنگ کررہے ہیں میں جب خازن تھا تو مجھ پر ناجائز طریقے سے چیک سائن کرانے کیلئے دبائو ڈالا گیا لیکن میں نے اپنے دور میں کوئی غلط کام نہیں کیا۔نائب صدر کی امیدوار ڈاکٹر ریحانہ شاہ نے کہا کہ آرٹس کونسل کے حقیقی وارثوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے سحر انصاری کے ہوتے ہوئے بھی ادارہ تاریکی میں ڈبوا ہوا ہے اور اس تاریکی کو دور کرنے کیلئے میدان میں اترے ہیں۔

اس موقع پر محمد اسلم خان ،یاور مہدی ،ڈاکٹر شبیر حسین ،جاوید منظر، ڈاکٹر عرفان شاہ ،پروفیسر ہارون رشید ،فیصل مسعود ،حسن جہانگیر،اجمل شوبی ،کاشف خان ،مظہر امرائو بندو خان ،خالد ظفر ،محمود احمد خان ،خالدآرائیں ،عامر مسعود شیخ و دیگر بھی موجود تھے۔