حیدرآباد (جیوڈیسک) آرٹ کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام حیدرآباد میں ساتواں عالمی مشاعرے کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستانی اور بھارتی شعراء کرام نے شرکت کی، تنز ومزاح اور عشقیہ شاعری سے حاضرین خوب محظوظ ہوئے۔ دیالد اس کلب حیدرآباد میں ہونے والے ساتویں عالمی مشاعرے کا آغاز پاستان کے نامور بینجو ماسٹر استاد عزیز نے اپنی عمدہ پرفارمنس سے کیا۔ بین الاقومی مشاعرے میں پاکستان کے علاوہ امریکہ اور بھارت سے شعراء کرام نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
بھارت سے گلزار دہلوی، ڈاکٹر نسیم نگہت، ایشا ناز سمیت دیگر شعراء نے جب اپنے اشعار پیش کئے تو لوگوں نے بے پناہ داد دی۔ پاکستانی شعراء کرام انور شعور، پروفیسر عنایت اور عباس تابش سمیت دیگر شعراء کرام کے اشعار سے حاضرین محفل خوب محظوظ ہوئے۔ بھارتی شعراء کا کہنا تھا کہ وہ پڑوسی ملک سے محبتیں پھیلانے پاکستان آئے ہیں۔
عالمی مشاعرے کے کوآرڈینیٹر سید سعادت علی جعفری کا کہنا تھا کہ حیدرآباد میں ادبی سرگرمیوں کے فروغ کی خاطر مشاعروں کا انعقاد ہونا نہایت ضروری ہے۔ صبح صادق تک جاری رہنے والے مشاعرے میں حاضرین خوب لطف اندوز ہوتے رہے۔