ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) آریان خان کے وکیل ستیش مان شیندے نے کہا ہے کہ آریان کے پاس سے کوئی منشیات برآمد نہیں ہوئی وہ بے گناہ ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آریان خان کے وکیل ستیش مان شیندے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آریان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت 13 اکتوبر کو سیشن کورٹ میں ہو گی۔
آریان خان کی ضمانت کی درخواست میں 29 بنیادیں درج کی گئی ہیں جو ان کے بے گناہ ہونے اور انہیں موجودہ کیس میں جھوٹے مقدمے میں ملوث کرنے سے شروع ہوتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ستیش مان شیندے نے عدالت میں پہلے دن سے دلیل دی ہے کہ این سی بی کے عہدیداروں کو آریان کے پاس سے کوئی منشیات نہیں ملی۔ لہذا نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹنس (این ڈی پی ایس) کی دفعہ 37 کے تحت ضمانت پر پابندی کا حوالہ دیتے ہوئے این سی بی کی ضمانت نہ دینے کی درخواست آریان پر لاگو نہیں ہوتی۔ خاص طور پر اس صورت میں جب اس کے پاس سے منشیات برآمد نہیں ہوئی۔
دوسری جانب آریان کی گرفتاری کے اس مشکل وقت میں جب شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری کی نیندیں اڑ گئی ہیں۔ کنگ خان کے چاہنے والے ان کے اور ان کے گھر والوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے 2 اکتوبر کو ممبئی سے گووا جانے والے ایک بحری جہاز پر چھاپہ مارکر منشیات برآمد کی تھی۔ اس جہاز پر شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان بھی موجود تھے جنہیں پوچھ تاچھ کے بعد چھاپے کے اگلے روز یعنی 3 اکتوبر کو گرفتار کیا گیاتھا۔ آریان خان کی ضمانت مسترد ہوچکی ہے اور وہ تاحال این سی بی کی تحویل میں ہیں۔