کراچی (پ ر)انجمن طلبہ اسلام صوبہ سند ھ کے ناظم محمد زبیر ہزاروی نے کہا ہے کہ انجمن طلبہ اسلام بحیثیت ملک گیر طلبہ جماعت اور پاکستان کی سب سے پرانی طلبہ جماعت کی حیثیت سے اس بات کی وضاحت کرتی ہے کہ انجمن طلبہ اسلام کسی صورت بھی تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کسی بھی مطالبے اور دھرنے کے حق میں نہیں ہے، بعض اخبارات نے یہ لکھا کہ اسلام آباد کے دھرنے میں انجمن طلبہ اسلام کے طلبہ نے بھی شرکت کی، یہ ایک غلط فہمی ہے، انجمن طلبہ اسلام کی جانب سے کسی بھی طالبعلم نے دھرنے میں شرکت نہیں کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبہ سندھ کے دورے کا شیڈول جاری کر تے ہوئے صوبہ سندھ کی عاملہ کے اجلاس سے کیا، جنرل سیکرٹری کراچی سیف اسلام نے کہاکہ انجمن طلبہ اسلام ایک دستوری اور منشوری طلبہ جماعت ہے، اور اس بات کو بخوبی جانتی ہے کہ اس ملک میں کو ن سا کام آئین، قانون اور جمہوریت کے مطابق ہورہا ہے، اور کون سا عمل آئین ، قانون اور جمہوریت کے خلاف ہو رہا ہے۔ کل 30 اگست کی شب اسلام آباد میں جو کچھ ہوا، وہ پاکستان کی تاریخ میں ایک بدترین شب تھی۔ہر وہ بچہ، ماں، بہن، بیٹی، بھائی، باپ اور معمر عمر کے حضرات زخمی ہوئے یا بعض انتقال فرما گئے، وہ نہیں ہونا چاہیے تھے۔
انجمن طلبہ اسلام اس ظالمانہ عمل کی مذمت کرتی ہے، کل شب سے جاری اس جنگ میں جو پولیس اور انتظامیہ کے اہلکار زخمی ہوئے، انجمن طلبہ اسلام اس کی بھی شدید مذمت کرتی ہے، ناظم کراچی محمد نبیل مصطفائی نے کہا کہ ہم بحیثیت پاکستانی ، عمران خان، طاہر القادری،اورمسلم لیگ ن کے رہنمائوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آپس کے جھگڑوں کی وجہ سے اس ملک و قوم کی عورتوں کے تقدس کو پامال نہ کریں، اس ملک کے بچے اور جوانوں کا خون اپنی سیاست کی نظر نہ کریں،واقعہ کربلا اور دیگر اسلامی شعائر اور واقعات کو اپنی گندی ذہنیت اور قنوطیت کے لئے مثال کے طور پر استعمال نہ کریں۔
مطالبہ کرنے والا مطالبہ آئین اور دستور کے مطابق کرے، جرح کرنے والا قانون کے مطابق کرے، اور مدعی قانون کی حد میں رہے، اور ملک کے معتبر ادارے یعنی عدلیہ، پارلیمنٹ اور پاک فوج کی عزت خراب نہ کی جائے، جو لوگ مزاکرات کے لئے لچک نہیں دکھا رہے ہیں، انہیں چاہیے کہ اس معاملے کو حل کریں، ملک میں انارکی پھیلتی جا رہی ہے، اور اس طاہرالقادری، عمران خان اور حکومت برابر کی قصوروار ہے۔