اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان میں 25 جولائی کو منعقدہ عام انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں جیتنے والی جماعت تحریکِ انصاف ( پی ٹی آئی ) نے سینیٹر چودھری محمد سرور کو نیا گورنر پنجاب اور نومنتخب ایم این اے اسد قیصر کو قومی اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے کے لیے اپنا امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے جمعہ کو اسلام آباد میں پارٹی کے ایک اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس میں ان نامزدگیوں کا اعلان کیا ہے۔ چودھری محمد سرور ماضی میں بھی پنجاب کے گورنر رہے تھے۔ تب وہ سابق حکمراں پاکستان مسلم لیگ (ن) سے وابستہ تھے۔
اسد قیصر صوبہ خیبر پختونخوا کی سابق اسمبلی کے اسپیکر تھے۔ ان کا تعلق اس صوبے کے ضلع صوابی سے ہے۔وہ سیاست میں آنے سے قبل شعبہ تعلیم سے وابستہ تھے۔انھوں نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز جماعت اسلامی سے کیا تھا اور جب 1996ء میں عمران خان نے تحریک انصاف کے نام سے نئی سیاسی جماعت قائم کی تو وہ اس میں شامل ہوگئے تھے۔
اسد قیصر پی ٹی آئی کے تنظیمی ڈھانچے میں ترقی کرتے ہوئے 2008ء میں صوبائی صدر منتخب ہوگئے تھے۔وہ 2013ء میں منعقدہ عام انتخابات میں پہلی مرتبہ خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے اور پھر پانچ سال تک اس کے اسپیکر رہے تھے۔
پنجاب کے نامزد گورنر چودھری محمد سرور گلاسگو سے برطانوی پارلیمان کے رکن رہے تھے۔انھوں نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی دعوت پر برطانیہ میں اپنے سیاسی کیرئیر کو خیرباد کہہ دیا تھا اور 2013ء میں آبائی وطن میں واپسی پر اپنے نئے سیاسی کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔
انھیں سابق حکومت میں گورنر پنجاب بنایا گیا تھا لیکن انھوں نے پھر شریف برادران سے سیاسی اختلافات کے بعد اپنا ناتا توڑ لیا تھا اور پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی تھیں۔ وہ اس جماعت کے ٹکٹ پر اس سال کے اوائل میں پاکستان کی پارلیمان کے ایوان بالا سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ان سے قبل پی ٹی آئی پنجاب کے سابق صدر اعجاز چودھری کو بھی گورنر پنجاب کے عہدے کے لیے نامزد کرنے کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں لیکن قرعہ فال ایک مرتبہ پھر چودھری سرور کے نام نکلا ہے۔