کراچی (جیوڈیسک) چنیوٹ میں متحدہ قومی موومنٹ کے ضلعی سینئر نائب صدر اصغر عباس کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا، الطاف حسین نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے اصغر عباس کی موت کی ذمہ دار مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہے، ٹارگٹ کلنگ بند اور قاتل گرفتارنہ ہوئے تو احتجاج ہو گا۔ پولیس کے مطابق اصغر عباس کو ان کے گھر کے باہر گھات لگائے نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے نشانہ بنایا، ڈی پی او عبدالقادر کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں قاتلوں کی گرفتاری کے لئے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصغر عباس کی شہادت تحریک کا بہت بڑا نقصان ہے، اصغر حسین کی شہادت پر میں اور تمام کارکن سوگواروں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصغر عباس کا قتل طالبان، اس کی ہمدرد لشکر جھنگوی اور دیگر کالعدم تنظیموں کی مشترکہ کارروائی ہے انہوں نے کہا کہ طالبانائزیشن کے خلاف آواز اُٹھانے پر ایم کیو ایم کے عہدیداروں اور کارکنوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ شہباز شریف ، مقامی پولیس اور انتظامیہ سے رپورٹیں طلب کرنے سے زیادہ کچھ نہیں کر رہے۔ اس کے علاوہ، متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام صوبہ سندھ ، پنجاب،خیبرپختونخوا ،بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں سانحہ پشاور کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور شہدا سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔