اسلام آباد (جیوڈیسک) اصغر خان کیس میں ایف آئی اے نے ایئرمارشل ریٹائرڈ اصغر خان کا بیان رکارڈ کر لیا ہے۔ اصغر خان نے کہا ہے کہ کیس بہت اہمیت کا حامل ہے، اس کی غیر جانبدارانہ تفتیش ضروری ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے ٹیم نے اصغر خان سے ملاقات کی اور کیس سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ ٹیم نے اصغر خان سے دستاویزات بھی مانگ لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق آرمی چیف اسلم بیگ، اسد درانی اور مہران بنک کے سابق چیف ایگزیکٹو یونس حبیب بھی بیان ریکارڈ ہو گا۔
گزشتہ سال سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس میں اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ 1990 کے انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی جس میں اس وقت کے صدر مملکت، آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی ملوث تھے، عدالت نے ایف آئی اے کو تمام سیاستدانوں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرنے کا حکم دیا تھا۔ جنہوں نے 1990 کے انتخابی عمل میں اثر انداز ہونے کے لئے غیر قانونی طور پر رقوم وصول کیں۔