ایشز سیریز : انگلینڈ نے آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میں 14 رنز سے ہرا دیا

England - Australia

England – Australia

نوٹنگھم (جیوڈیسک) ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان انگلینڈ نے جیمز اینڈرسن کی تباہ کن بالنگ کی بدولت آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں انتہائی دلچسپ اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد 14 رنز سے ہرا کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔کینگروز 311 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم 296 رنز بنا کر آٹ ہوگئی، بریڈ ہیڈن نے 71 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

جیمز اینڈرسن نے دونوں اننگز میں پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کرکے انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، جس پر انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اتوار کو یہاں ٹرینٹ برج، نوٹنگھم میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز آسٹریلوی ٹیم نے 311 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 174 رنز 6 کھلاڑی آٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے جیت کے لئے 137 رنز درکار تھے، بریڈ ہیڈن نے ایشٹن ایگر کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 207 تک پہنچا دیا، ایشٹن ایگر ساتویں آٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 14 رنز بنانے کے بعد اینڈرسن کا نشانہ بنے۔

مچل اسٹارک زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور ایک رن بنانے کے بعد جیمز اینڈرسن کی گیند پر کیچ آٹ ہوگئے۔ بریڈ ہیڈن نے ایک طرف سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور پیٹر سڈل کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور 231 تک پہنچا دیا، پیٹر سڈل نویں آٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 11 رنز بنانے کے بعد اینڈرسن کی گیند پر ایلسٹر کک کے ہاتھوں کیچ آٹ ہوگئے۔ بریڈ ہیڈن اور جیمز پیٹنسن نے آخری وکٹ میں 65 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے ٹیم کو جیت کے قریب لے آئے۔

اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ کلارک الیون ہدف حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کردے گی مگر جیمز اینڈرسن نے بریڈ ہیڈن کو وکٹ کیپر میٹ پرائر کے ہاتھوں کیچ آٹ کرا کے اپنی ٹیم کو شاندار فتح دلا دی، ہیڈن نے 71 رنز بنائے، جیمز پیٹنسن 25 رنز کے ساتھ ناٹ آٹ رہے۔ جیمز اینڈرسن نے پانچ، اسٹورٹ براڈ اور گریم سوان نے دو، دو جبکہ جو روٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اینڈرسن کو دونوں اننگز میں پانچ، پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔