ایشز سیریز میں ایک جانب تو کرکٹ حکام اور ہاٹ اسپاٹ ٹیکنالوجی کو دھوکہ دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے تو دوسری جانب آئی سی سی ریویو ٹیکنالوجی کے دفاع میں کھڑی ہو گئی ہے۔
آسٹریلوی ذرائع نے اس دھوکہ دہی کی طرف اشارہ کیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ ایشز سیریز میں یٹسمین اپنے بلے پر ٹیپ لگا کر انفرا ریڈ پر انحصار کرتے اور ہاٹ اسپاٹ ٹیکنالوجی کو ناکام بنا رہے ہیں جس کی وجہ سے کرکٹ کی اعصاب شکن جنگ کا مزہ کرکرا ہو رہا ہے۔ آسٹریلوی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ریویو سسٹم کی نا کامی کا جائزہ لینے کے لئے آئی سی سی کے جنرل منیجر جیف الار ڈائس جائزہ لینے لندن پہنچ گئے۔
وہ دونوں ٹیموں کے نمائندوں سے مل کر معاملہ نمٹائیں گے جبکہ دوسری جانب ائی سی سی چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن نے معاملے پر تحقیق سے پہلے یہ بات واضع کر دی ہے کہ ائی سی سی ہاٹ اسپاٹ معاملے پر کھلاڑیوں سے تحقیقات نہیں کی جا رہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلوی ذرائع کی جانب سے ریویو سسٹم کے خلاف بے بنیاد خبریں پھیلائیں گئیں۔