اسلام آباد (جیوڈیسک) افغان صدر اشرف غنی آج اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔ افغان صدراشرف غنی اور وزیر اعظم نواز شریف آج پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوستانہ کرکٹ میچ بھی دیکھیں گے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اشرف غنی نے سعودی عرب اور چین کے حالیہ دوروں میں دونوں ممالک سے کہا تھا کہ وہ پاکستان کو افغانستان میں امن کے لیے کردار ادا کرنے پر زور دیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک مغربی سفارتکار کا کہنا ہے کہ افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ پاکستان کے ساتھ مثبت تعلقات بحال کرنے کی حمایت کر رہے ہیں تا کہ پاکستان کے ذریعے افغان طالبان سے مذاکرات میں مدد حاصل ہو سکے۔تاہم صدر اشرف غنی کی رائے اس سے مختلف ہے۔ سفارتکار کے مطابق اشرف غنی چاہتے ہیں کہ افغان طالبان سے ان کی حکومت خود براہ راست مذاکرات کرے اور اسلام آباد کو اس کا حصہ نہ بنا یا جائے۔