کراچی (جیوڈیسک) آج یوم عاشور پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ بڑے شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے جبکہ ملک بھر کے حساس علاقوں میں موبائل فون سروس بھی معطل رہے گی۔
یوم عاشور پر ملک بھر میں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں ، کراچی اور دیگر شہروں میں فوجی دستے اسٹینڈ بائی ہیں ۔وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کے مطابق یوم عاشور پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 12 ہیلی کاپٹرز دستیاب ہوں گے جبکہ وزارت داخلہ میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔
سندھ کے 10 اضلاع بشمول کراچی، سکھر، حیدرآباد، خیرپوراور سانگھڑ میں آج 10 محرم کو کو بھی موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہے۔ لاہور، کوئٹہ اور پشاورمیں آج بھی ڈبل سواری پر پابندی ہے جبکہ اسلام آباد میں آج اور کل 11 محرم کو بھی موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی رہے گی۔
کراچی سمیت پورے سندھ اور کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 8 اضلاع میں آج بھی دن بھر موبائل فون سروس بند رہے گی۔مح کمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق صبح 6سے رات 10 بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی تاہم ضرورت محسوس ہونے پر دورانیہ بڑھایا جاسکتا ہے۔
بلوچستان کے سیکرٹری داخلہ کے مطابق بلوچستان کے حساس اضلاع کوئٹہ، بولان، مستونگ ، سبی ، نصیر آباد ،جعفرآباد ، لورلاائی اور ژوب میں آج موبائل سروس صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک بند رہے گی۔