کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ KPKحکومت کا یوم شہادت حضرت عمر فاروق پر تعطیل خوش آیند اوراتحاد ویکجہتی کے فروغ کا باعث ہے، سرحد حکومت نے قوم کے دل جیتے ہیں وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کوبھی اس کی تقلید کرنی چاہیے۔
اس سے مسالک کے بعض افراد میں جنم لینے والے احساس محرومی کا خاتمہ اور اتحاد ویکجہتی کو فروغ ملے گا،حیات فاروق اعظم واسوہ حسینی ہمارے لیے مشعل راہ ہیں،عاشورہ محرم امت مسلمہ کو بیدار ہونے کا درس ددیتاہے۔
جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے اسلامی سال نو کے آغاز اور شہادت حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالی ٰ عنہ کے موضوع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ محرم الحرام مسلمانوں کو حیات فاروقی و اسواء حسینی پر عمل کا درس دیتاہے، فاروق اعظمؓ خلیفہ رسول اور مرادرسول صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔
عمرابن الخطاب کا شاندار 10 سالہ دور اسلام کا سنہرا دور کہلاتاہے کئی مغربی ممالک میں عمر ’’لاز‘‘ کا نفاذ اس کا منہ بولتا ثبوت ہے پوری امت مسلمہ بالخصوص وطن عزیز کے تمام موجودہ مسائل کا حل فاروقیؓ طرز حکومت میں پنہاں ہے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ امت مسلمہ کی حالت زار کا سب سے بڑا سبب اپنے اسلاف کو بھول کر غیروں کوآئیڈیل بناناہے۔
ترقی یافتہ اقوام حضرت عمروفارق کی طرز حکمرانی کو اختیارکرنے پر خود کو مجبور پاتی ہیں جبکہ حضرت حسین رضی اللہ تعلیٰ عنہ کا طرز عمل راہ حق میں اپنی جان، مال اور اولاد سب قربان کرنے کا درس دیتاہے ،انہوں نے کہاکہ ملک وقوم کی ترقی کیلئے آج صحابہ اکرامؓ کے نقش قدم پر چلنے کی ضرورت ہے۔تمام مسائل ومشکلات کا حل قرآن مجید ، سنت رسول اور اتباع دین میں ہے۔
حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے،جس کو صحابہ کرامؓ نے اپنا کر پوری دنیا پر شاندار حکومت کی،آج بھی صحابہ کرام خلفاء راشدین کی زندگیوں کو سامنے رکھ کر چلا جائے توموجودہ مسائل اور مشکلات سے نکلا جاسکتاہے۔