یوم عاشور کی سکیورٹی , ہائی الرٹ , 6 مقامات پر ایمبولنس , عملہ تعینات

Ashura Security

Ashura Security

راولپنڈی (جیوڈیسک) یوم عاشور پر کسی بھی ناگہانی سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 عملہ کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے شہر وچھائونی کے 6 مختلف علاقوں میں ایمبولینس اور عملہ تعینات رہے گا، ہسپتالوں میں ہائی الرٹ اوراضافی بستروں کا انتظام کرلیا گیا۔ عاشورہ کے دنوں میں ممکنہ دہشتگردی سمیت کسی بھی ناگہانی سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت نے شہر و چھائونی کے چھ مقامات جن میں شاہ نذرپل، کمیٹی چوک، فوارہ چوک، آر اے بازار، چوہڑچوک اور قصائی چوک شامل ہیں میں تقسیم کردیا ہر پوائنٹ پر ایک ایک ایمبولینس الرٹ رہے گی

جس میں میڈیکل آفیسرکے علاوہ دیگر عملہ اور ہنگامی ضرورت کی تمام ادویات بھی موجود رہیں گی جو دوشفٹوں میں کام کریں گے، ادھر ہولی فیملی، بے نظیر اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں ہائی الرٹ کرتے ہوئے عملہ کی اضافی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھری ڈاکٹر انصر اسحاق کا کہنا ہے کہ متعلقہ عملہ کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں جن کی پہلی شفٹ صبح آٹھ سے شام چار بجے تک جبکہ دوسری شفٹ شام چار بجے سے جلوس کے اختتام تک خدمات سرانجام دے گی۔ دریں اثناء چیف ٹریفک آفیسر شعیب خرم جانباز نے راولپنڈی شہر میں محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے پیش نظر ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا۔

امن و امان اور ٹریفک کے حوالے سے سکیورٹی کو مکمل یقینی بنانے کے لئے فیلڈ افسران کو ماتمی جلوسوں سے مناسب فاصلے پر پارکنگ کرانے، کالے شیشے والی گاڑیوں، بغیر نمبر پلیٹ اور بغیر رجسٹریشن گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

جلوسوں کے راستے کو کلیئر رکھنے کے لیے ڈائیورشن پوائنٹس پر تعینات وارڈن افسران اور سیکٹر انچارجز کو ٹریفک متبادل راستوں پر چلانے کے احکامات جاری کئے چیف ٹریفک آفیسر شعیب خرم جانباز نے موقع پر جا کر راولپنڈی شہر کی تمام ٹریفک کا مکمل جائز ہ لیا اور ٹریفک کے سلسلے میں سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کا حکم جاری کیا۔