ایشیا کپ: بھارت اور افغانستان کے درمیان میچ برابر ہو گیا

India and Afghanistan

India and Afghanistan

دبئی (جیوڈیسک) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں بھارت اور افغانستان کا میچ برابر ہو گیا

افغانستان نے ایشیا کپ میں اپنے آخری میچ میں بھارت کو جیتنے کے لیے 253 رنز کا ہدف دیا تاہم بھارتی ٹیم 49.5 اوورز میں 252 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ون ڈے کرکٹ میں میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے سپر اوور نہیں کرایا جاتا البتہ اگر فائنل میچ ٹائی ہوجاتا ہے تو میچ کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے سپراوور ہوتا ہے۔

بھارت اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست ہے اور پہلے ہی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکا ہے۔

فائنل میں بھارت کا مقابلہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔

پریکٹس میچ کی حیثیت کے اس میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ ابتدائی طور پر کافی بہتر ثابت ہوا۔

افغانستان کی ٹیم پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف شکست کے بعد پہلے ہی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے جب کہ بھارتی ٹیم اپنے دونوں ابتدائی میچ جیت کر فائنل میں پہنچ چکی ہے۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغان اوپنر محمد شہزاد نے جارحانہ بیٹنگ کی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 65 رنز بنائے لیکن اس کے بعد 81 ، 82 اور 82 رنز پر اس کی تین مزید وکٹیں گر گئیں۔

ایک جانب سے وکٹیں گرنے کے باوجود محمد شہزاد کا بلا رنز اگلتا رہا اور انہوں نے بھارت کے خلاف اپنی پہلی اور مجموعی طور پر پانچویں سنچری اسکور کی۔ وہ 116 گیندوں پر 124 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے بھی بہترین بلے بازی کی اور 56 گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت کے روندرا جادیو نے 46 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ کلدیپ یادیو نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں بھارت کی پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 252 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، بھارتی کھلاڑیوں نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم آخر میں ناتجربہ کار بیٹسمین دباؤ نہ جھیل سکے۔

بھارت کو آخری اوور میں 7 رنز درکار تھے تاہم افغانستان کرکٹ ٹیم کے ہیرو راشد خان نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے میچ کو ٹائی کرادیا۔

بھارت کی جانب سے راہول نے 60، رائیڈو نے 57 اور دنیش کارتھک نے 44 رنز بنائے۔

افغانستان کے محمد شہزاد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں پانچ جب کہ افغان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں۔

روہت شرما کی جگہ ٹیم کی قیادت مہندرا سنگھ دھونی کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بھارت نے شیکر دھون، بھوی، بمراہ اور چاہل کو بھی آرام کا موقع دیا ہے۔