میرپور (جیوڈیسک) میرپور کے شیر بنگلا نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے بنگلا دیش کو 167 رنز کا ٹارگٹ دیا تھا۔ بنگلا دیش کی جانب سے کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم 121 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ صرف صابر رحمان 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
بھارتی ٹیم کی جانب سے اشیش نہرا کامیاب بولر رہے جنہوں نے 23 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر بھارتی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ روہت شرما اور شکھر دھون نے اننگز کا آغاز کیا۔ بنگلا دیش کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب شیکھر دھون کو دو رنز پر آؤٹ پویلین لوٹ گئے۔
دوسرے اوور میں الامین حسین نے انھیں آؤٹ کیا۔ اس کے بعد ویرات کوہلی بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ان کی وکٹ مشرفی مرتضیٰ نے لی۔ سریش رائنا نے 13 رنز بنائے اور آؤٹ ہو گئے۔ ان کی وکٹ محمود اللہ کے حصے میں آئی۔
یووراج سنگھ نے شائقین کرکٹ کو شدید مایوس کیا اور صرف 15 رنز بنا کر چلتے بنے۔ بھارت کی جانب سے روہت شرما 83 جبکہ پانڈیا 31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بھارتی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔ بنگلا دیش کی جانب سے الامین حسین 3 وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے۔
دیگر گیند بازوں میں مشرفی مرتضیٰ، محموداللہ اور شکیب الحسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔