ڈھاکا (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ انہیں ایشیا کپ میں احمد شہزاد، شرجیل خان، صہیب مقصود، انورعلی اور بلاول بھٹی سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔
ڈھاکا میں پریس کانفرنس کے دوران مصباح الحق نے کہا کہ انہیں بنگلادیش میں کھیلنے کا ہمیشہ مزہ آیا کیونکہ یہاں کے شائقین پاکستان ٹیم کی حمایت کرتے ہیں۔ بنگلادیش کو ہوم گراؤنڈ پر آسان حریف نہیں لیا جاسکتا کیونکہ اس نے گزشتہ ایشیا کپ میں حیران کن کارکردگی دکھائی تھی، ایشیا کپ میں شریک تمام ٹیمیں یکساں ہیں ان میں سے کسی بھی ٹیم کو کمزور نہیں کہا جاسکتا۔
قومی ٹیم کے قائد کا کہنا تھا کہ پاکستان کو گزشتہ چند ماہ کے دوران جنوبی افریقا اور سری لنکا کے خلاف سیریز کھیلنے کا بہت فائدہ ہوا، ایشیا کپ کے دفاع کے لئے بھر پور تیاری کے ساتھ آئے ہیں، تمام کھلاڑی پر اعتماد ہیں اور اب صرف اچھی کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں انہیں احمد شہزاد، شرجیل خان، صہیب مقصود، انور علی اور بلاول بھٹی سے امیدیں وابستہ ہیں کیونکہ انہوں نے گزشتہ سیریز میں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کیا ہے۔