دبئی (جیوڈیسک) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 137 رنز سے شرمناک شسکت دے دی۔
متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ کے پہلے میچ میں بنگلہ دیش نے سری لنکا کو جیت کے لیے 262 رنز کا ہدف دیا تاہم سری لنکا کی پوری ٹیم 35.1 اوورز میں 124 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔
بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتداء میں زیادہ سود مند ثابت نہ ہوا اور لستھ ملنگا کے پہلے ہی اوور میں لٹن داس اور شکیب الحسن آؤٹ ہو گئے، دونوں ہی کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال زخمی ہونے کے باعث گراؤنڈ سے باہر چلے گئے جس کے بعد آنے والے کھلاڑی محمد متھن اور مشفیق الرحیم کے درمیان 131 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
134 کے مجموعی اسکور پر محمد متھن 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمود اللہ اور مصدق حسین ایک ایک رن بنا کر پویلین لوٹے۔
بنگہ دیش کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹسمین مشفیق الرحیم نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا 144 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جب کہ ان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 262 رنز کا ہدف دیا۔
بنگلہ دیش کے اوپنر تمیم اقبال کلائی کے فریکچر کے باوجود آخری نمبر پر کھیلنے کے لیے آئے اور ایک ہاتھ سے بیٹنگ کرتے رہے۔
سری لنکا کی جانب سے لیستھ ملنگا نے 4، ڈی سلوا نے 2، لکمل، اپونسو اور پریرہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 124 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ دلروان پریرا نے سب سے زیادہ 29 رنز اسکور کیے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مشرفی مرتضیٰ، مستفیض الرحمان اور مہدی حسن مرزا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
مشفیق الرحیم شاندار اننگز کی بدولت میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
بنگلہ دیشی سلیکٹر کے مطابق تمیم اقبال کو سری لنکا کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے بائیں ہاتھ پر گیند لگی جس سئ ان کی انگلی میں فریکچر ہوا ہے۔
بنگلادیشی سلیکٹر کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کا تمیم اقبال کو 6 ہفتے کے لیے آرام کا مشورہ دیا ہے جس کے بعد وہ ایشیا کپ ٹورنامنٹ سے آؤٹ ہوگئے ہیں۔
ایونٹ کا دوسرا میچ اتوار کو پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے شروع ہوگا۔