میر پور، ڈھاکا (جیوڈیسک) پاکستان نے ایشیا کپ کے اپنے چوتھے اور آخری لیگ میچ میں بنگلہ دیش کو تین وکٹو ں سے ہرا دیا، اب پاکستان اس ایونٹ کے فائنل میں ہفتہ 8 مارچ کو سری لنکا سے مقابلہ کریگا۔
پاکستان کی ٹیم نے جیت کا ہدف 329 رنز سات وکٹوں کے نقصان پر 49.5 اوورز میں حاصل کیا۔ اس سے قبل میر پور کے شیربنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کا ٹاس بنگلہ دیش کے کپتان مشفق الرحیم نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اپنے مقررہ پچاس اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 326 جیسا بڑا ہدف ترتیب دیا۔
جوا ب میں پاکستان کا ابتدائی آغاز اچھا رہا اور پہلی وکٹ 97پر اس وقت گری جب ، نائب کپتان محمد حفیظ 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔تاہم پھر پہ در پے تین وکٹیں گرنے کے باعث گرین شرٹس کو خود کو سنبھالا دینا پڑا اس موقع پر آج کے پاکستانی بیٹنگ ہیرو احمد شہزاد 103 اور فواد عالم 74 نے صورتحال کو کنٹرول کیا، بعدازاں شاہدخان آفریدی کے دھواں دھار 59رنز نے پاکستان کو فتح سے مزید قریب کیا۔
آفریدی نے یہ تیز اننگ 25 گیندوں پر سات چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے بنائے، واضح رہے کہ یہ انکی تیسری تیز ترین نصف سنچری ہے، انھیں انکی اس شاندار پرفارمنس پر میچ کا بہتری کھلاڑی بھی گردانا گیا۔
میچ کے آخری لمحات میں مزید سنسنی خیزی اس وقت پیدا ہوگئی جب دو سیٹ بیٹسمین فواد عالم اور شاہد آفریدی رن آؤٹ ہوگئے۔ تاہم اس موقع پر عمر اکمل 14 نے معاملات کو اپنے قابو میں رکھا اور پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مومن الحق نے دو شکیب الحسن،عبدالرزاق اور محمودالله نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔