ڈھاکا (جیوڈیسک) ایشیا کپ کرکٹ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹ سے ہرا دیا، پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر دھوکہ دے گئی اور پوری ٹیم 83 رنز کے مجموعے پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے دیئے جانے والے معمولی 84 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کوابتداء میں تین وکٹوں کا نقصان ہوا،پاکستان کے محمد عامر نے تین وکٹیں حاصل کرکے سنسنی مچائی تاہم ویرات کوہلی اور یووراج سنگھ نے ٹیم کو سنبھالا اور بھارت کا اسکور 76 رنز تک پہنچا دیا اس موقع پرمحمد سمیع نے متواتر دو وکٹیں حاصل کر کے مایوس پاکستانیوں کی مایوسی کو کچھ کم کرنے کی کوشش کی۔
تاہم بھارت نے 16 ویں اوور میں 84 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے پاکستان کو نہ صرف شکست دے دی بلکہ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان پر اپنی برتری کی روایت کو بھی برقرار رکھا۔پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے 3 اور محمد سمیع نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ،پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہو ئے ایک اور دل شکن داستان رقم کرتے ہو ئے 83 رنز کے حقیر سے اسکور پر ڈھیر ہو گئی۔ایک موقع پر پاکستان اپنے کم سے کم اسکور 74 رنز سے بھی دور نظر آرہا تھا اس موقع پر سرفرا حمد کی 25 رنز کی اننگ نے اس صورت حال سے پاکستان کو بچا لیا۔
سرفراز احمد 25 ،اور خرم منظور 10 رنز کے ساتھ ڈبل فیگر میں داخل ہو سکے ،پاکستان کے بقیہ آٹھ بیٹسمین ڈبل فیگربھی حاصل نہ کرسکے ۔بھارت کی جانب سے پانڈیا نے 3 وکٹیں اور جدیجا نے 2 حاصل کیں، اشیش نہرا ،جسپیت بمرا ،یووراج سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت کے ویرات کوہلی کو 49 رنز کی شاندار اننگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔