ڈھاکا (جیوڈیسک) شاہینوں نے آج ایشیاء کپ کا آخری میچ سری لنکا کیخلاف کھیلا۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے دنیش چندی مال اور تلکا رتنے دلشان نے اننگز کا آغاز کیا۔ دلشان نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے اسکور میں 75 رنز کا اضافہ کیا اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ چندی مال نے بھی 48 رنز بنائے۔ کپو گیڈرا 2 جبکہ شاناکا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 2 جبکہ وہاب ریاض اور شعیب ملک نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کی جانب سے شرجیل خان اور محمد حفیظ اوپننگ کرنے آئے۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 23 کے مجموعی اسکور پر گری جب حفیظ 3 چوکوں کی مدد سے 11 گیندیں کھیل کر 14 رنز بنانے کے بعد جائے سوریا کی گیند پر انہیں کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
شرجیل خان نے 1 چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 24 گیندیں کھیل کر 31 رنز بنائے اور دلشان کی گیند پر کپوگیڈرا کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ سرفراز نے 6 چوکوں کی مدد سے 27 گیندیں کھیل کر 38 رنز بنائے اور سری وردنا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
عمر اکمل نے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 37 گیندیں کھیل کر 48 رنز بنائے اور کولا سیکرا کی گیند پر پریرا کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ شعیب ملک نے 17 گیندیں کھیل کر 13 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
افتخار احمد ایشیاء کپ میں اپنے پہلے اور پاکستان کے آخری میچ میں میدان میں جلوہ گر تو ہوئے مگر انہیں کسی گیند کا سامنا کرکے اپنے فن کے معجزے دکھانے کی ضرورت نہ پڑی اور ٹیم پاکستان نے شعیب ملک کی وننگ شارٹ کے ساتھ ہی ایشیاء کپ کو الوداع کہہ دیا۔