ڈھاکا (جیوڈیسک) ایشیا کپ کے دفاعی چیمپئن پاکستان نے واقعی چیمپئن ہونے کا حق ادا کر دیا۔ روایتی حریف بھارت کے منہ سے جیت کا نوالہ چھین کر پوائنٹ ٹیبل پر بھی پوزیشن پہلی اور مستحکم کر لی۔
بنگلہ دیش میں جاری ایشیائی کرکٹ جنگ میں پاکستان اور بھارت کی اعصاب شکن مقابلہ بازی ہار جیت ہی نہیں تھی بلکہ پوائنٹ ٹیبل پر بھی آگے نکل جانے کی بازی تھی۔ فائنل سے پہلے فائنل بن جانے والے میچ میں پاکستان نے ہاری بازی جیتی، پوائنٹ ٹیبل پر پاکستان اب نو پوائنٹس کے ساتھ نمبر ایک ہو گیا۔
سری لنکا کے آٹھ پوائنٹ ہیں اور آئی لینڈرز دوسری پوزیشن سنبھالے ہوئے ہے۔ بھارت اور افغانستان کے چار چار پوائنٹ ہیں جبکہ میزبان بنگلہ دیش ابھی تک کوئی میچ نہیں جیت سکا۔