اینچیون (جیوڈیسک) ایشین گیمز ہاکی کے فائنل میں پاک بھارت کے درمیان اہم معرکے لیے میدان کل سجے گا۔ قومی کھلاڑیوں کو روایتی حریف بھارت کو زیر کر کے ریکارڈ نویں بار ٹائٹل جیتنا ہو گا۔ گیمز کی تاریخ میں دونوں کے ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو قومی ٹیم کا پلڑا بھاری ہے۔
پاک بھارت کھیلوں کے مقابلوں کو خاص اہمیت حاصل ہے، میچ چاہے دنیا میں کہیں بھی کھیلا جائے دونوں ممالک کے عوام سمیت دنیا بھر کے کروڑوں شائقین دل تھام کر بیٹھ جاتے ہیں۔ جنوبی کوریا میں جاری ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ کے فائنل میں ایسا ہی 2 اکتوبر کو ہونے جا رہا ہے، جہاں گروپ بی میں شامل روایتی حریف ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
فائنل جیتنے والی ٹیم برازیل میں ہونے والے اولمپک گیمز 2016ء کے لئے براہ راست کوالیفائی کر جائے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کو کوالیفائی رائونڈ کھیلنا پڑے گا۔ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں روایتی حریف ٹیمیں ابھی تک 9 بار آمنے سامنے ہو چکی ہیں جس میں پاکستان نے 8 میں فتوحات کے جھنڈے گاڑے۔
دو ہزار دس کے ایشین ایونٹ میں پاکستان کو بھارت سے 2-3 کی ناکامی کا سامنا ہوا، گرین شرٹس نے اس کے باوجود گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ ایونٹ میں ناقابل شکست قومی کھلاڑی گروپ مرحلے میں پہلے ہی بھارتیوں کے دانت کھٹے کر چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق پاک بھارت ٹیموں کے درمیان فائنل سنسنی خیز ہوگا اور شائقین کو بہترین ہاکی دیکھنے کو ملے گی۔